جمعہ 13 نومبر 2026 - 05:04
قم المقدسہ میں سالانہ مشی فاطمیہ؛ طلابِ اردو زبان کی میزبانی میں 6 ہزار سے زائد عزاداروں کی شرکت

حوزہ/ قم المقدسہ میں سالانہ مشی فاطمیہ 1448 ہجری، طلابِ اردو زبان کی میزبانی میں حرم حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا سے مسجد مقدس جمکران تک منعقد ہوئی، جس میں چھ ہزار سے زائد عزاداروں نے شرکت کرکے قیام فاطمی کے پیغام سے تجدیدِ عہد کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم المقدسہ/ اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس شہر قم میں سالانہ مشی فاطمیہ 1448 ہجری نہایت عقیدت و احترام اور شاندار انداز میں منعقد ہوئی، جس میں چھ ہزار سے زائد مومنین و مومنات نے شرکت کی۔ حرم مطہر حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا سے مسجد مقدس جمکران تک منعقد ہونے والی اس آٹھ کلومیٹر طویل مشی میں حوزہ علمیہ کے طلاب، علمائے کرام اور مختلف ممالک سے آئے ہوئے عزاداروں نے شرکت کرکے قیام فاطمی کے پیغام اور اسلامی تمدن کے احیاء سے اپنی وابستگی کا اظہار کیا۔

رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ‌ای کی شہادت، اسلامی جمہوریہ ایران پر مسلط کی گئی جنگ اور عالم اسلام کو درپیش حالات کے تناظر میں، نیز رہبر معظم کی ایام فاطمیہ سے گہری وابستگی کو مدنظر رکھتے ہوئے، اس سال مشی فاطمیہ کا انعقاد ’’یہ فاطمہؑ کی صدا ہے، قیام لازم ہے‘‘ کے مرکزی شعار کے تحت کیا گیا۔

مشی فاطمیہ کی آرگنائزنگ کمیٹی کے زیر اہتمام اور طلاب اردو زبان کی میزبانی میں منعقد ہونے والی اس مشی کا مقصد ولایت کے دفاع، فاطمی جدوجہد کے تسلسل اور سیرت و معارف حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو عام کرنا تھا۔

منتظمین کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق، اس عظیم اجتماع میں چھ ہزار سے زائد عزاداروں نے شرکت کی، جبکہ ڈھائی سو سے زیادہ خدام نے زائرین کی خدمت اور انتظامی امور کی انجام دہی میں حصہ لیا۔ شرکاء کی آمد و رفت کے لیے قم کے مختلف علاقوں اور ایران کے دیگر شہروں سے پچاس سے زائد مفت بسوں کا انتظام کیا گیا تھا۔

مشی کے آٹھ کلومیٹر طویل معنوی راستے کو ’’طریق المہدی‘‘ کا نام دیا گیا تھا۔ اس دوران عزادار عالمی شہرت یافتہ نوحہ خوانوں کی نوحہ خوانی کے ساتھ سینہ زنی کرتے ہوئے مسجد مقدس جمکران کی جانب رواں دواں رہے۔

اس موقع پر مختلف مدارس، انجمنوں اور اداروں کی جانب سے بیس سے زائد موکب قائم کی گئی تھیں، جہاں طلاب اور علمائے کرام نے زائرین کی پذیرائی، مہمان نوازی اور معارف فاطمی کی تبلیغ کے فرائض انجام دیے۔ ان موکب میں بچوں اور خواتین کے لیے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے تھے۔

مشی میں شریک عزاداروں نے قیام فاطمی سے درس لیتے ہوئے حق و حقیقت کی راہ میں ثابت قدم رہنے، مقاومتی محاذ کی حمایت اور دنیا بھر کے مظلوموں، بالخصوص فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا عزم ظاہر کیا۔ اس اجتماع میں مختلف ممالک سے آئے ہوئے عزاداروں کے علاوہ قم کے مدارس، اسکولوں اور کالجوں کے طلبہ نیز ایران کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے حوزوی اور جامعاتی علماء و طلبہ نے بھی شرکت کی۔

مشی کے اختتام پر شرکاء نے مسجد مقدس جمکران میں امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی خدمت میں ان کی جدہ ماجدہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت پر تعزیت و تسلیت پیش کی اور قیام فاطمی کے پیغام کو زندہ رکھنے، ولایت کے دفاع اور حق کی راہ میں استقامت کے عہد کی تجدید کی۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha